الوقت - عراق کی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف نے بغداد میں دفاعی اور فوجی صنعت کی چھٹی بین الاقوامی نمائش میں کہا کہ داعش سے جنگ میں عراق، ایران کے جدید ترین ہتھیاروں اور اسلحہ جات سے واقف ہوا۔
عثمان غانمی نے منگل کو بغداد میں منعقد نمائش میں ایران کے اسٹال کے معائینہ کے دوران کہا کہ عراق کے لئے ایرانی ہتھیار جانے پہچانے ہیں اور داعش کے خلاف کارروائی میں ہم نے ان ہتھیاروں کا بھرپور استعمال کیا ۔
عثمان غانمی نے کہا کہ داعش کے ساتھ جنگ میں میدان جنگ کے تجربات کے پیش نظر ایران سے ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے پر جلد ہی دستخط کئے جانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے اسمارٹ ہتھیاروں، ڈرون اور ميزائلوں نے ان کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ۔ بریگیڈیئر جنرل عثمان غانمی نے دہشت گردی سے جنگ میں ایرانی ہتھیاروں کے استعمال کو اہم قرار دیا اور زور دیا کہ بغداد کی دفاعی نمائش میں وسیع سطح پر موجودگی سے یہ پیغام گیا ہے کہ داعش خاتمے کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں دفاعی اور فوجی ساز و سامان کی چھٹی بین الاقوامی نمائش منعقد ہوئی جس میں دنیا کے 21 ممالک کی 80 کمپنیوں نے شرکت کی ۔
یہ نمائش پانچ مارچ اتوار کے روز سے شروع ہوئی جو پیر کو ختم ہوئی۔ اس نمائش میں ایرانی دفاعی صنعت اور اسلحہ تعمیر کرنے والی کمپنیوں کی موجودگی نے سب کی توجہ اپنی جانب متوجہ کر لیا ہے ۔