الوقت - عراق کے وزیر اعظم موصل پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے اس علاقے کے فوجی دستوں کا معائنہ کیا ہے۔
حیدر العبادی فوجی یونٹس کے معائنے اور موصل شہر کی آزادی کی کارروائی کے بارے میں درست اطلاعات حاصل کرنے لئے اس شہر کے اندر پہنچ گئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب عراقی پولیس نے منگل کو موصل شہر کے مغربی حصے میں اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے قدیمی میوزیم کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا ہے ۔ عراقی فوج نے منگل کی صبح مغربی موصل میں اہم سرکاری عمارتوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پیر کو بھی عراقی فورسز نے پولیس ہیڈکوارٹر، کورٹ، پانی و بجلی بورڈ کی عمارتوں، صمود محلے اور حریت پل کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا تھا۔ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے تقریبا دو ہفتے پہلے مغربی موصل میں فوجی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس مہم کے آغاز سے اب تک عراقی فورسز نے کئی محلوں اور علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 24 جنوری کو عراقی فورسز نے موصل کے مشرقی حصے کو داعش کے چنگل سے پوری طرح آزاد کرا لیا تھا۔