الوقت - جاپان اور جنوبی کوریا نے جاپان کے سمندر کی جانب چار میزائل داغنے کے شمالی کوریا کے اقدام پر نقید کی ہے۔
شمالی کوریا نے پیر کی صبح چین کے ساتھ ملنے والی اپنی سرحد پر واقع ڈونگ چانگ ری علاقے سے جاپانی سمندر کی جانب چار میزائل فائر کئے جو اس کے کنٹرول والے اقتصادی علاقے کے قریب سمندر میں جا کر گرے۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے شمالی کوریا کے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
جاپان کی حکومت کے ترجمان يوشيدا سوكا نے بھی شمالی کوریا کے اس میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے تین میزائل آكيتا صوبے سے 250 کلو میٹر کے فاصلے پر جاپان کے اقتصادی علاقے میں گرے ہیں اور یہ انتہائی تشویش کا موضوع ہے۔
شمالی کوریا نے ایسے حالات میں میزائلوں کا تجربہ کیا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجیں مشترکہ فوجی مشقیں کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے کئی بار زور دے کر کہا ہے کہ جب تک امریکا اور اس کے اتحادی پيونگ یانگ کو دھمکاتے رہیں گے تب تک یہ ملک بھی اپنی فوجی توانائیوں اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا رہے گا۔