الوقت - دنیا بھر میں توجہ کا مرکز اور ہمیشہ سیاحوں کے لئے سرفہرست شمار ہونے والے ایفل ٹاور کے منظر میں جلد ہی نئی تبدیلی رونما ہونے والی ہے۔
دراصل ایفل ٹاور کے ارد گرد ایک بلیٹ پروف شیشے کی دیوار بننے جا رہی ہے۔ یہ دیوار کسی بھی طرح کے دہشت گردانہ حملے اور ایفل ٹاور کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لئے بنائی جائے گی ۔ اس سال کے آخر تک پیرس کی اس شاندار عمارت کے ارد گرد بلیٹ پروف دیوار بن جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال یورو 2016 چمپئن شپ کے دوران عمارت کے ارد گرد میٹل فینس بنایا گیا تھا جس کی جگہ اب ڈھائی میٹر بلند شیشے کی شفاف دیوار بنائی جائے گی۔ شیشے کی اس مستقل دیوار کے لئے عمارت کے شمالی اور جنوبی حصے میں بنے میٹل بیرئرس کو ہٹایا جائے گا۔
شہر کے نائب میئر آف ٹورزم جیاں فرانسوا مارٹنس کے مطابق شہر کی معزز اور خاص عمارتوں کو بچانے کے لئے سیکورٹی کے خاص انتظامات کئے جانے ضروری ہیں ۔
حکام کا خیال ہے کہ اس سے عمارت کے پاس سیر و تفریح کے لئے آئے لوگ بھی محفوظ رہیں گے جبکہ کچھ مقامی لوگوں کو یہ بھی ڈر ہے کہ کہیں اس منصوبے سے مشہور عمارت کی خوبصورتی خراب نہ ہوجائے۔ ایک اطلاع کے مطابق عمارت کے ارد گرد بننے والی اس دیوار پر 28 لاکھ ڈالر کا خرچ آئے گا۔ بتا دیں کہ فرانس گزشتہ چند برسوں میں دہشت گردانہ حملوں کا شکار بھی بنتا رہا ہے۔
ان دہشت گردانہ حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ یہاں اپریل اور مئی میں صدارتی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ جس کی وجہ سے سیکورٹی پر ابھی سے کام کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ فرانس کے پیرس میں واقع تقریبا 324 میٹر بلند ایفل ٹاور کو 1889 میں بنایا گیا تھا۔ اسے دیکھنے دنیا بھر سے ہر سال تقریبا 70 لاکھ افراد جاتے ہیں۔