الوقت - برطانیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر لائن پی آئی اے کی ایک پرواز کو جنگی طیاروں کی نگرانی میں اس کی منزل مقصود کے بجائے لندن کے اسٹینسٹیڈ ہوائی اڈے پر اتارنے کے بعد اس میں سوار ایک مسافر کو گرفتار كیا گیا۔
پی کے- 757 پرواز لاہور سے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے کے لئے روانہ ہوئی تھی لیکن برطانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اسے دو ٹائفون جیٹ طیاروں نے اپنے کنٹرول میں لے لیا اور اس کا رخ اسٹینسٹیڈ ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اس طیارے میں ایک مطلوبہ شخص سفر کر رہا تھا اور اسے ہیتھرو ایئر پورٹ پر حراست میں لیا جانا تھا، اب اس شخص کو اسٹینسٹیڈ ایئر پورٹ پر گرفتار کیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 52 سالہ شخص کو برطانیہ میں اقتصادی بدعنوانی کے شک میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ہوائی جہاز پر سوار مسافروں نے بتایا کہ طیارے کو اسٹینسٹیڈ ایئر پورٹ پر چھ گھنٹے تک روکے رکھا گیا اور اس درمیان ہتھیاروں سے لیس آٹھ پولیس اہلکاروں نے ایک شخص کو گرفتار کیا۔
اسٹینسٹیڈ ہوائی اڈے کو برطانیہ میں رليف ہوائی اڈے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جہاں ہنگامی صورتحال میں ہوائی جہازوں کا رخ موڑا جاتا ہے۔