الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کی موجودہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے ایران سمیت سات مسلم ممالک پر عائد کی گئی ویزا پابندی پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران میں منعقد ہو رہے انٹرنیشنل کشتی مقابلے کے لئے امریکی کشتی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعے کو ارنا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کی نئی حکومت کی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ نے بھی مجبور ہوکر امریکا کی کشتی ٹیم کے ایران میں داخلے پر روک لگا دی ہے۔
ایران کے مغربی صوبے كرمان میں 16 اور 17 فروری کو کشتی کے انٹرنیشنل مقابلے منعقد ہونے والے ہیں۔
ایران کی کشتی فیڈریشن نے بین الاقوامی کشتی فیڈریشن کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مقابلہ کے لئے امریکا کی جگہ کسی اور ٹیم کو ایران آنے کا موقع دیا جائے کیونکہ ایران نے امریکی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔