الوقت - عیسائیوں کے سب سے بڑے مذہبی مرکز ویٹیکن نے امریکی صدر کے حالیہ حکم کو غیر انسانی قرار دیا ہے۔
ویٹیکن کے مطابق سات مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکا کے دورے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی پابندی مکمل طور پر غیر انسانی ہے۔ ویٹیکن کے ایک عہدیدار اور عالم دین فادر اینجلو کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا حکم کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہے۔ اسی طرح ویٹیکن نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے ٹرمپ کے فیصلے کی بھی سخت تنقید کی ہے۔
در ایں اثنا برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا سفر کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی پابندی تقسیم پر مبنی غلط پالیسی ہے۔ تھریسا مے نے پارلیمنٹ میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جو پالیسی پیش کی ہے اس کو لے کر ہماری حکومت کا رخ واضح ہے کہ یہ پالیسی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ فیصلہ تقسیم پر مبنی اور غلط ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔