الوقت - شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ چھ سال سے جاری شام کے بحران کے دوران ایران، شامی قوم کا سب سے بڑا حامی رہا ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے جمعرات کو ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی مشیر حسین امیر عبد اللہیان سے دمشق میں ملاقات میں تکفیری دہشت گردوں سے مقابلے میں شامی مزاحمت کاروں کی حالیہ فتح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس کامیابی میں شام کا شریک رہا ہے۔
حسین امیر عبد اللہیان نے بھی اس ملاقات میں شہر حلب میں فوج کی کامیابی اور آستانہ مذاکرات میں سیاسی کامیابی پر صدر بشار اسد کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اس سے پہلے بھی دمشق میں علاقائی صورتحال اور مسئلے فلسطین کے بارے میں فلسطینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
فلسطینی رہنماؤں نے بھی ان ملاقاتوں میں کچھ ممالک کی جانب سے خفیہ طور پر اور کھل کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی کوششوں کو فلسطینی عوام کی امنگو اور بیت المقدس کی آزادی سے خیانت قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ حسین امیر عبد اللہیان بدھ کو ایک وفد کے ساتھ لبنان کے زمینی راستے سے شام پہنچے ہیں ۔