الوقت - شام کی فوج نے حلب اور حمص صوبوں کے دیگر علاقوں میں اپنی پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی دیگر علاقوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے جمعے کو صوبہ حلب میں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے مشرقی حلب میں واقع شامر علاقے کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔
شام کی فوج نے اسی طرح جمعے کو شدید جھڑپوں اور درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد صوبہ حمص کے قريتين شہر کے شمال مشرقی اسٹرٹیجک راستے کو آزاد کرا لیا ہے۔
در ایں اثنا شام کی فوج کے وار میڈیا محکمہ نے رپورٹ دی ہے کہ فوج کے جوانوں نے جمعے کو مشرقی حمص کے مضافاتی علاقے المثلث اور حزم کی مشرقی اور مغربی پہاڑیوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
شام کی فوج اور مزاحمتی گروہ نے اسی قسم دیرالزور کے مقابر علاقے اور دیرالزور ہوائی اڈے کی جانب جانے والے راستے پر پیشرفت جاری رکھتے ہوئے درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ان علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے جاری چھڑپوں کے دوران داعش کے تقریبا 600 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
دہشت گردوں نے اسی طرح شمالی ادلب کے مضافاتی قصبوں فوعہ اور كفريا کی مساجد پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا ہے جس میں متعدد عام شہری زخمی ہو گئے۔ فوعہ اور كفريا شیعہ اکثریتی قصبے ہیں جو دہشت گردوں کے محاصرے میں ہیں۔
داعش کے دہشت گردوں نے اسی طرح مشرقی دیرالزور شہر کے الجورا اور قصور علاقوں پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا جس میں سات عام شہری جاں بحق ہو گئے۔