الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے ملیشیا میں او آئي سی کے ہنگامی اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران، میانمار میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
وزير خارجہ محمد جواد ظریف نے ، جمعرات ملیشیا کے دار الحکومت کوالالمپور میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں تقریر کے دوران ، میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسلی امتیاز ، شہریت کے حقوق سلب کئے جانے اور ان کے خلاف تشدد و نفرت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، روہنگیا مسلمانوں کی حمایت ميں عالم اسلام کے اتحاد کا مطالبہ کیا اور اسے تمام مسلمانوں کا فریضہ قرار دیا ۔
وزير خارجہ نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی تاسف بار صورت حال پر عالمی میڈیا پر طاری خاموشی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ میانمار کے مسلمانوں کے بچوں کی ساحل پر ملنے والی لاشوں کو عالمی میڈیا میں جگہ نہيں دی جاتی ۔ انہوں نے اسی طرح مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو اس بحران پر توجہ دینا چاہئے کیونکہ ایک پوری قوم کو حق شہریت سے محروم کیا جا رہا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے او آئی سی کے تمام رکن ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے تمام وسائل کا استعمال کرتے ہوئے میانمار کی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق پر توجہ دے ۔ انہوں نے میانمار میں فوجی طور پر انسانی امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا۔ میانمار میں مسلمانوں کے خلاف تشدد میں بے پناہ اضافہ کے بعد ملیشیا کی درخواست پر اسلامی تعاون کانفرنس نے جمعرات کو کوالالمپور میں وزرائے خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا تھا ۔