الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں 23 جنوری کو شام امن مذاکرات میں امریکا کے نمائندے کی شرکت کی مخالفت کی ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو تسنیم نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو میں اس تناظر میں کہا کہ ایران نے امریکیوں کو دعوت نہیں دی ہے اور در حقیقت ایران، شام امن مذاکرات میں امریکا کی شرکت کا مخالف ہے۔
اس سے پہلے روس کے وزیر خارجہ سرگي لاوروف نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ میرے خیال میں آستانہ امن مذاکرات میں امریکا کے منتخب صدر ڈولانڈ ٹرمپ کو دعوت دینا زیادہ مناسب ہوگا۔
اس سے ایک دن پہلے یعنی پیر کو ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے شام کی تازہ صورتحال اور امن مذاکرات کے تعلق سے ٹیلیفونی گفتگو کی تھی۔
شام امن مذاکرات، ایران، روس اور ترکی کی کوششوں سے شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان آئندہ 23 جنوری کو آستانہ میں منعقد ہو رہے ہیں ۔
یہ مذاکرات ایسے حالات میں ہونے والے ہیں کہ جب شام کے حلب شہر میں دہشت گرد اور امریکا سعودی عرب اور ترکی سمیت ان کے حامیوں کو کراری شکست کا سامنا ہوا ہے اور وہ جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہو گئے۔