الوقت - شام کی فوج اور اس کے اتحادیوں نے دارالحکومت دمشق کے مغرب میں واقع عین الفيجہ نامی علاقے کو دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ یا فتح الشام کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج اور اس کی اتحادی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دمشق کے مضافات میں واقع وادی بردی کے عین الفيجہ قصبے کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرا لیا اور قصبے میں داخل ہو گئے۔ اس کارروائی کے دوران النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ شام کی فوج اور اس کے اتحادیوں نے مشرقی حمص میں ٹيفور ہوائی اڈے اور بجلی گھر پر دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا جس کے دوران دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچا۔
در ایں اثنا النصرہ فرنٹ کا ابو عمر التركستانی نامی ایک سرغنہ ادلب میں نامعلوم فضائی حملے میں مارا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ادلب کے باب الہوا نامی علاقے میں ہوا جس کے دوران ابو عمر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں ابو عمر اور اس کے چار ساتھی مارے گئے۔
ابو عمر دہشت گردوں کی کونسل کا سینئر کمانڈر تھا جس کی ذمہ داری شمالی شام میں سرگرم دہشت گردوں کو ملا کر ایک کونسل تشکیل دینا تھی۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی حلب سے نکلنے والے دہشت گرد ترکی کی قیادت میں ادلب میں نیا محاذ بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔