الوقت - شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے وادی بردا کے سیکڑوں رہائشی دہشت گردوں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق، شام کے ریڈ کریسنٹ ادارے نے اعلان کیا ہے کہ یہ لوگ دہشت گردوں کے کنٹرول والے علاقوں سے فرار ہونے کے بعد مغربی دمشق کے روضہ علاقے پہنچ گئے۔
وادی بردا میں سرگرم دہشت گردوں نے دس دنوں سے دمشق کے باشندوں کے لئے پینے کا پانی بند کر رکھا ہے اور حکومت مقامی افراد کو ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی کر رہی ہے۔ دمشق کے مضافاتی علاقے فيجہ نامی چشمے سے دمشق کے باشندوں کو پينے کے پانی کی سپلائی ہوتی تھی۔
در ایں اثنا حمص سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فوج کے آپریشن میں داعش کے دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ شام کی فوج نے مشرقی حمص کے گاؤں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں دہشت گردوں کی کئی گاڑیاں اور فوجی ساز و سامان تباہ ہو گئے۔
شام کے فوجی ذرائع نے اسی طرح مشرقی شام کے دیرالزور کے ہوائی اڈے کے مشرقی علاقے میں داعش کے دہشت گردوں اور فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔
شام میں تیس دسمبر 12 رات سے جنگ بندی کا نفاذ ہو گیا ہے جبکہ کچھ مسلح گروہوں نے اس کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جنگ بندی سے داعش اور النصرہ فرنٹ کو مستثنی رکھا گیا ہے۔