الوقت - عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز آئے۔
عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے مداخلت پسندانہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حیدر العبادی نے کہا کہ الجبیر کا بیان عراق کے خلاف کشیدگی پیدا کرنے والے سعودی عرب کے رویے کی ایک کڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی مشکلات میں عراق کو گھسیٹنے کی کوشش نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو اپنے مسائل حل کرنا چاہئے اور دوسروں کے داخلی مسائل میں مداخلت سے باز رہنا چاہئے۔
رضاکار فورس کے کمانڈر جاسم الجزائری نے بھی عادل الجبیر کے بیان کے جواب میں کہا کہ حشد الشعبی ایک فوجی قوت ہے جو عراقی حکومت کے حکم کے مطابق کام کرتی ہے اور سعودی عرب عراق کو فرقہ وارانہ نظر سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پالیسی سے پتا چلتا ہے کہ یہ ملک عراق سے دشمنی رکھتا ہے۔
عراق اور شام میں دہشت گردی کی حمایت میں اہم کردار ادا کرنے والے ملک سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے عراقی رضاکار فورس کو فرقہ وارانہ فورس کہا تھا اور دعوی کیا تھا کہ اس سے عراق کے اتحاد اور سلامتی کو خطرہ ہے۔