الوقت - روس کا فوجی مسافر بردار طیارہ سوچی ہوائی اڈے سے 1500 میٹر کے فاصلے پر بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہو گیا۔
خبروں کے مطابق، یہ طیارہ روسی وزارت دفاع کا تھا اس میں 90 مسافر سوار تھے۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ طیارہ فوجیوں کو لے کر شام جا رہا تھا، اس میں 83 فوجی اور عملے کے 8 افراد شامل تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ روس کا یہ طیارہ سوچی سے پرواز کرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی غائب ہو گیا تھا۔ اس حادثے کا سبب تکنیکی خرابی یا پائلٹ کی غلطی بتایا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ فوجی طیارہ شام کے لاذقیہ شہر جا رہا تھا جہاں روس کے فوجی اڈے پر سال نو کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ طیارے میں9 صحافیوں اور فوج کے ایک میوزیکل گروپ کے افراد بھی سوار تھے۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میوزیکل گروپ سال نو کے موقع پر منائے جانے والے جشن میں فن کا مظاہرہ کرنے جا رہا تھا۔
طیارے کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب چین کی خبر رساں ایجنسی شینہوا نے رپورٹ دی ہے کہ روس کا فوجی طیارہ کراسنودار کی پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہو گیا۔ ابھی تک اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 40 منٹ پر ریڈار سے غائب ہوا تھا۔