الوقت - لیبیا کے ایک مسافر بردار طیارے کو ہائی جیک کرکے مالٹا کے دارالحکومت ولتا لے جایا گیا ہے۔
اغواء طیارے سے 25 مسافروں کو رہا کر دیا گیا جن میں خواتین اور بچوں کا ایک گروپ شامل ہے۔ لیبیا کی حکومت اور افریقیہ ایئر ویز نے اس ہائی جیک کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طیارے میں سو سے زیادہ مسافر سوار ہیں جو لیبیا کے سبہا بین الاقوامی ائیرپورٹ سے طرابلس جا رہے تھے۔
طیارے میں دو ہائی جیکرز ہیں جن کے پاس مبینہ طور پر ہینڈ گرینیڈ ہیں۔ طیارے کو فوجیوں نے اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے اور مسافروں سے بات چیت کی کوشش جاری ہے۔ اغواکاروں کے مطالبات کا پتا نہیں چل سکا ہے۔
ریئل ٹائم ایئر ٹریفک بتانے والے ادارے فلائٹ ریڈار کے مطابق ہائی جیک کی گئی فلائٹ نمبر 8U209 کو مالٹا ایئر پورٹ کے رن وے پر اتار دیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا میں آئی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کو فوجیوں نے گھیر رکھا ہے تاہم مسافروں سے ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہو پائی ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی تصاویر میں ہوائی جہاز کے سامنے بڑی تعداد میں تعینات فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس ہائی جیک میں دو لوگوں کے شامل ہونے کی خبر ہے، جن کے پاس مبینہ طور پر ہینڈ گرینیڈ ہونے کے اطلاع ملی ہے۔ ابتدائی خبروں میں آیا تھا کہ ہائی جیکرز مسافر طیارے کو اڑانے کی دھمکی بھی دے رہے ہیں۔
مالٹا انتظامیہ کا دعوی ہے کہ کسی قسم کی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی ٹیموں کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔