الوقت - شام میں دہشت گردوں کے محاصرے میں گھرے فوعہ اور كفريا شہروں کے مریضوں اور زخمیوں کو لے کر کئی بسیں اور دو ایمبولینسیں حلب شہر پہنچ گئی ہیں۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب تک اس طرح کی چار بسیں پہنچ چکی ہیں اور اس کے عوض مشرقی حلب سے سیکڑوں دہشت گرد حلب شہر سے نکل گئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق جلد ہی 20 بسوں میں مشرقی حلب سے سیکڑوں دیگر دہشت گرد باہر نکل جائیں گے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب فوعہ اور كفريا سے شہریوں کے انخلاء کے سلسلے میں حکومت اور دہشت گردوں کے درمیان جو تین نکاتی موافقت ہوئی تھی دہشت گردوں نے اس پر پوری طرح عمل نہیں کیا۔
اس سمجھوتے کے مطابق پہلے مرحلے میں 1250 بیمار اور زخمی شہری، دہشت گردوں کے محاصرے میں موجود فوعہ اور كفريا شہروں سے باہر نکلیں گے۔
اتوار کو دہشت گردوں نے ادلب شہر کے ان شہروں کے زخمی اور بیمار شہریوں کو لینے گئی بسوں کو آگ لگا دی تھی۔ یہ دونوں شہر ادلب سے 10 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہیں اور 28 مارچ 2015 سے دہشت گردوں نے ان شہروں کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے۔