الوقت - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے شامی عوام اور فوج کے ہاتھوں دہشت گرد گروہوں کی شکست اور شہر حلب کی آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، انسانی و اسلامی ذمہ داری کے طور پر ہمیشہ شامی عوام کے ساتھ رہے گا اور متاثرین اور پناہ گزینوں کی ہر ممکن مدد کرے گا ۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی رات اپنے شامی ہم منصب بشار اسد سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے تک ایران، شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تکفیری دہشت گردی سے جدوجہد کے علمبرداروں کی حمایت کو جو اپنی مادر وطن سے غاصبوں کو نکالنا چاہتے ہیں، اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلب کی فتح اور شام کے دوسرے بڑے شہر کی شامی قوم کی آغوش میں واپسی، دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مقابلے میں شام کی متحد و مزاحمت کار عوام کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ صدر روحانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ آج عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام کے مظلوم عوام کی مدد کرے، کہا کہ اب انسانی حقوق کی حمایت کا دعوی کرنے والے تمام ممالک کے بڑے امتحان کا وقت آ پہنچا ہے۔ ڈاکٹر روحانی نے امید ظاہر کی کہ حلب کی آزادی، شام میں دہشت گردی کے خلاف عوام اور حکومت کے حتمی فتح کا مقدمہ ہو گا۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں شام کے صدر بشار اسد نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف شامی عوام کی ہر ممکن مدد کرنے پر ایرانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران، سب سے مشکل وقت میں شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ رہا ہے اور ہم اس بات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے اسی طرح شام کے عوام خاص کر حلب کے عوام کے لئے کھانے کی اشیاء اور طبی امداد بھیجنے پر ایران کی آمادگی کو سراہا۔