الوقت - روس کی وزارت دفاع نے تاریخی شہر پالميرا یا تدمر کے مضافات میں داعش کے دہشت گردوں پر شدید فضائی حملے میں اس دہشت گرد گروہ کے 300 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع دی ہے۔
اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس کی وزارت دفاع نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے تدمر یا پالميرا شہر کے مضافاتی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر 64 فضائی حملے کئے جس میں شہر کے ملبے میں داعش کے دہشت گردوں کے چھپنے کی کوشش پوری طرح ناکام ہو گئی۔
روس کی وزارت دفاع نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ شام کے جنگی طیاروں نے پالميرا شہر کی مہم میں روس کے جنگی طیاروں کی مدد کی، کہا کہ ان حملوں کے جواب میں دہشت گردوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے قدیمی و تاریخی شہر پر راکٹ اور میزائل سے حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن شام اور روس کی فوج نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
روس کی وزارت دفاع نے واضح کیا کہ پالميرا پر ہوائی حملے کے دوران دہشت گردوں کے 11 ٹینک، بكتربند گاڑیاں اور کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔