الوقت - صیہونی فوج نے اپنی ویب سائٹ پر "لبنان میں ٹارگٹ بینک" کے عنوان کے تحت ایک نقشہ جاری کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ آئندہ جنگ میں لبنان کی اسلامی مزاحمت تحریک حزب اللہ کے انہی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
صیہونی ٹی وی چینل -2 نے اس رپورٹ کو جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ جنگ میں لبنان کے انہی مقامات پر فضائی حملے کئے جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نقشے میں حزب اللہ کے دس ہزار اہداف کی نشاندہی کی گئی ہے جو 2006 میں 33 روزہ جنگ کے بعد قائم کئے گئے ہیں۔ صیہونی ٹی وی چینل کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے جنوبی لبنان کے 200 سے زائد دیہاتوں اور کالونیوں کا مکمل مطالعہ کرنے کے بعد یہ اہداف مقرر کئے ہیں۔
رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ لبنانی شہریوں کے کچھ گھر، میزائل لانچ پیڈ، کمانڈ سینٹر اور میزائل کے ذخائر میں تبدیل ہو چکے ہیں اور اسرائیلی فوجیں آئندہ جنگ میں انہی اہداف کو نشانہ بنائے گی۔
ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کے جاری کرنے کا مقصد، حزب اللہ کو دھمکی دینا ہے۔ اسی کے ساتھ ٹی وی چینل نے اعتراف کیا ہے کہ شام کی جنگ میں مصروف ہونے کے باوجود حزب اللہ، اسرائیل سے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور اس نے اپنی میزائل صلاحیتوں کو بڑھایا ہے اور ہتھیاروں کو پیشرفتہ کیا ہے۔