الوقت - پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے جس میں سوار تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے۔
پی آئی اے کے اس مسافر طیارے میں جو بدھ کی شام چترال سے خیبر پختونخوا جا رہا تھا، مسافر اور عملے کے مجموعی طورپر 47 افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ پنجاب کے حویلیاں علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
آخری اطلاع کے مطابق اس حادثے میں تمام 47 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے امدادی اور ریسکیواہلکاروں کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جہاز کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی۔ ابھی تک اس طیارے کے گرنے کی وجوہات کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق طیارے میں 42 مسافر، عملے کے پانچ ارکان اور ایک گراؤنڈ انجینئر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچنے سے کچھ پہلے ہی طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ 3 بج کر30 منٹ پر چترال سے روانہ ہوا جبکہ 4 بج کر 40 منٹ پر اسے اسلام آباد میں لینڈ کرنا تھا مگر پرواز کے دوران ہی اس کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا۔