الوقت - شام کے شمالی صوبے ادلب کے کفریا اور فوعہ کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے ایک بار پھر ان شہروں پر میزائل اور مارٹر گولوں سے حملے کئے ہیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فوعہ شہر کے ایک مقامی افراد نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر اس شہر کو اپنے غیر انسانی حملوں کا نشانہ بنایا جس میں 55 سالہ مطیع محمد امین اور ان کی 15 سالہ لڑکی راما مطیع محمد جاں بحق اور دسیوں ديگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کفریا اور فوعہ پر حملے کے لئے تکفیری دہشت گرد جن میزائل کا استعمال کر رہے ان کا نام الیفینٹ میزائل ہے جن میں شدید دھماکہ ہوتا ہے۔
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ شب اور کچھ دنوں کے دوران 200 سے زائد میزائل کفریا اور فوعہ پر فائر کئے ہیں جن میں متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے میزائل حملوں کی وجہ سے کئی گھر اور شہر کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 2 اگست 2015 سے دہشت گرد گروہ نصرہ فرنٹ نے شیعوں کے ان شہروں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔