الوقت - دہشت گرد گروہ داعش نے افغانستان میں اپنے کچھ مدرسے کھولے ہیں جن میں فوجی ٹریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے اس صوبے کے کچھ اسکولوں پر قبضہ کر کے انہیں اپنے مدرسوں میں تبدیل کر دیا ہے۔
مولوی عبد الظاہر نے بتایا کہ ان مدرسوں میں فوجی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری اطلاع کی بنیاد پر صوبہ ننگرہار کے کچھ علاقوں میں داعش کے مدرسے چل رہے ہیں جن میں انتہا پسندی کی تعلیم دی جا رہی ہے۔
مولوی عبد الظاہر نے بتایا کہ درحقیقیت مقامی حکومت نے مقامی لوگوں کے لئے کچھ اسکول بنوائے تھے۔ جب ان علاقوں پر داعش نے قبضہ کر لیا تو ان اسکولوں میں اپنے مدرسے شروع کر دیے۔
واضح رہے کہ مولوی عبد الظاہر نے دو سال پہلے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کا فتوی جاری کیا تھا۔ وہ اب بھی اس انتہا پسند گروہ کی مخالفت کرتے ہیں۔