الوقت - تحریک انصار اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ سعودی عرب، یمن پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے لیکن یمن کے عوام تسلیم نہیں ہوں گے اور سعودی جارحین کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سید عبد الملک الحوثی نے منگل کو یمن کی آزادی کی 49 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام جاری کرکے سعودی عرب کو امریکا کی جانب سے حاصل حمایت کا ذکر کیا اور یمنی عوام سے جارحین کے مقابلے میں اتحاد کی اپیل کی۔
انہوں نے یمن کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کی انقلابی کمیٹی کے اعلامیہ کے بعد تشکیل پائی نئی حکومت کی حمایت میں اور یمن پر حملے کی مذمت میں مظاہرے کریں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کو تحریک انصار اللہ اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی پارٹی کی حمایت سے یمن میں نئی حکومت کی تشکیل ہوئی جس میں 42 وزراء ہیں۔ اس کابینہ کی قیادت عبد العزیز بن الحبتور کر رہے ہیں۔
سعودی عرب نے یمن کے مستعفی اور مفرور صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے کے بہانے 26 مارچ 2015 سے یمن پر حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔