الوقت - پاکستان کی فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کی کمان سنبھال لی ہے جبکہ سابق فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف ریٹائرڈ ہو گئے۔
راولپنڈی کے آرمی ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی فوج کی كمانڈ میں تبدیلی کا پروگرام منعقد ہوا جہاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل راحیل شریف کی جگہ لی۔ جنرل راحیل شریف نے پاکستانی فوج کی كمانڈ اسٹک جنرل قمر باجوہ کے حوالے کی اور یوں جنرل قمر جاوید نے پاک فوج کے 16 ویں سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا۔
پروگرام میں پاکستانی فوج نے تقریب کے خصوصی مہمان جنرل راحیل شریف اور کمان سنبھالنے والے جنرل قمر جاوید کو سلامی پیش کی۔
جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، پارلیمنٹ کے اسپیکر سردار اياز صادق اور دیگر وزراء شریک تھے۔
اس موقع خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج کے سربراہ کے طور پر انہوں نے ہر فیصلہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو پیش نظر رکھا اور مقاصد کے حصول کے لئے اپنی اور فوج کی بھرپور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے میں ملک کے عوام نے بھرپور ساتھ دیا جس کے لئے وہ فوج اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی فوج عوام کے اعتماد پر ہمیشہ پورا اترے گی۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حالیہ مہینوں میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور ہندوستان کے جارحانہ اقدامات نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ہندوستان پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری تحمل کی پالیسی کو کسی قسم کی کمزوری سمجھنا خود اس کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔