الوقت - سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی علاقوں پر دوبارہ بمباری کی ہے۔
ارنا کی اتوار کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ملک میں نافذ 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعز، الحدیدہ اور حجہ صوبہ کے کئی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
اسی کے ساتھ سعودی جنگی طیاروں کے حملوں کے ساتھ ہی سعودی عرب کے ایجنٹوں نے صوبہ مآرب کے ضلع الصرواح اور الضبوعہ علاقوں میں رہائشی علاقوں اور زرعی زمینوں پر میزائل حملے کئے جس میں متعدد شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ حجہ کے صحرائے ميدی کے شمالی علاقے میں اپنے ہی کارندوں پر غلطی سے حملہ کر دیا جس میں کئی سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
یمن کی فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں نے بھی سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں کے حملوں کے جواب میں جنوبی سعودی کی نجران فوجی چھاؤنی پر زلزال - 3 میزائل سے حملہ کیا۔
یمن کے مختلف علاقوں پر ایسی صورت میں سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں کے حملے جاری ہیں کہ سعودی حکام نے دعوی کیا ہے کہ سنیچر کو بعد از ظہر 48 گھنٹے کے لئے یک طرفہ طور پر جنگ بندی کا نفاذ کیا گیا ہے۔