الوقت - صوبہ نینوا کے موصل شہر میں فوج نے اپنا آپریشن جاری رکھتے ہوئے شہر کے دیگر متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا ہے۔
سومریہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج جمعے کو تاریخی شہر نمرود کے شمالی علاقوں میں تل واعی اور عمركان دیہاتوں کو آزاد کرانے میں کامیاب رہی۔ یہ گاؤں موصل کے جنوب میں واقع ہیں۔
فوج کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ مشرقی موصل میں بھی انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں اور فوج اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان التحریر محلے میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
مغربی موصل میں بھی رضاکار فورس کے جوان شمال مغربی موصل کے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تلعفر شہر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ موصل شہر کی آزادی کی مہم 17 اکتوبر 2016 کو وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم پر شروع ہوئی ہے جس میں فوج، رضاکار فورس اور کرد پيشمرگہ کے جوان شامل ہیں۔ موصل شہر کی آزادی کی مہم کے دوران فوج اب تک اس صوبے کے کئی سو مربع کلومیٹر کے علاقوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرانے میں کامیاب رہی ہے۔