الوقت - میانمار کی فوج نے ایک بیان جاری کرکے صوبہ راخين میں 234 افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر کے شروع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے صوبہ راخين کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لئے جانے کے بعد سے اب تک 69 روہنگیا مسلمان ہلاک اور 234 گرفتار ہوئے ہیں۔
میانمار کی فوج نے فوجیوں کی جانب سے بچوں اور خواتین کے ساتھ تشدد آمیز رویے اور لوگوں کے گھر جلائے جانے سے متعلق رپورٹوں کو مسترد کر دیا ہے۔
اس درمیان کچھ میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کی فوج کے حملوں میں سیکڑوں روہنگیا مسلمان مارے جا چکے ہیں۔ بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد پر واقع صوبہ راخين کا کنٹرول اس وقت فوجیوں کے ہاتھ میں ہے۔
9 اکتوبر کو نامعلوم افراد نے میانمار کی ایک سرحدی چوکی پر حملہ کر کے 9 فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں صوبہ راخين کے شورش زدہ علاقوں میں 400 سے زائد عمارتوں کو جلا دیا گیا ہے۔