الوقت - افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان کے سرغنہ مولوی ہیبت اللہ سمیت دیگر شدت پسندوں کو بلک لسٹ کرے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل میں اقوام متحدہ کی پابندی کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ اپنی پابندیوں کی فہرست میں دہشت گردوں کے نام شامل کرے جس میں طالبان سربراہ ہیبت اللہ آخون زادہ کا نام بھی شامل کیا جائے ۔
افغان صدر کا یہ مطالبہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب افغان فورس اور طالبان کے درمیان کئی علاقوں میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ طالبان کی جانب سے امن مذاکرات میں شمولیت کے لئے جو شرط رکھی گئی ہے ان میں ان کے سینئر کمانڈروں کے نام اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست سے نکالنا شامل ہے۔ طالبان کی شرطوں میں افغانستان سے تمام غیر ملکی فوجوں کا انخلاء بھی شامل ہے۔