الوقت - عراق کے صدر فؤاد معصوم نے کہا کہ ہم بہت جلد داعش کا خاتمہ کر دیں گے۔
عراقی صدر فؤاد معصوم نے کہا کہ دو ماہ کے اندر موصل میں داعش کو پوری طرح شکست دے دیں گے، یہ گروہ اس سے زیادہ مزاحمت نہیں کر پائے گا۔
جاپان کی خبر رساں ایجنسی كيوڈو سے گفتگو کرتے ہوئے عراقی صدر کا کہنا تھا کہ جب موصل کو داعش سے آزاد کرا لیا جائے گا تو اس کے بعد یہ دہشت گرد گروہ شام کے رقہ شہر میں بھی زیادہ دنوں تک نہیں ٹک پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عراقی فوج داعش کے سرغنہ ابو بکر البغدادی کو ہلاک کرنے کے بجائے گرفتار کرنے کو ترجیح دے گی اور اس پر بھی صدام کی طرح مقدمہ چلایا جائے گا۔
فؤاد معصوم نے کہا کہ ابو بکر البغدادی سے تحقیقات میں بہت سے اہم راز اور انکشافات ہو سکتے ہیں جن سے دیگر دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
موصل کی آزادی کے لئے عراقی فورس کا آپریشن گزشتہ 17 اكتوبر سے شروع ہوا ہے جس کے بعد موصل کے قریبی 150 شہروں اور گاؤں کو آزاد کراتے ہوئے عراقی فوج موصل کے اندر داخل ہو چکی ہے۔