الوقت - دہشت گرد گروہ داعش نے دھمکی دی ہے کہ صدارتی انتخابات کے دن امریکا پر شدید حملہ کیا جائے گا۔
داعش کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے دن مسلمان گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ اس دن بڑا دہشت گردانہ حملہ کیا جائے گا۔ اس بیان میں امریکی ووٹروں کا قتل عام اور ان کے بیلٹ باکسز کو تباہ کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
داعش کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے نزدیک ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز میں بنیادی طور پر کوئی فرق نہیں ہے۔ یہ تمام لیڈر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ داعش کی اس دھمکی کو ویب سائٹ انٹیلیجنس گروپ کے ڈائریکٹر رٹز كیج نے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ داعش کے میڈیا سینٹر، الحیات نے سات صفحے کا ایک نوٹ جاری کیا ہے۔
اسی نوٹ میں امریکی مسلمانوں کو انتخابات سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ امریکی اخباروں نے بھی داعش کی اس دھمکی کی خبر کو شائع کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکی سیکورٹی ایجنسیوں نے بھی صدارتی انتخابات کے دوران دہشت گردانہ حملے کے تئیں خبردار کیا تھا۔
امریکا میں 8 نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔