الوقت - شام کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حلب میں کیمیائی حملہ، دہشت گردوں کی کمزوری اور شکست کی عکاسی کرتا ہے۔
پیر کو شامی وزارت خارجہ نے کہا دہشت گردوں کی جانب سے حلب میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال، ثابت کرتا ہے کہ دہشت گرد ٹوٹ چکے ہیں اور اپنی شکست تسلیم کر چکے ہیں۔
شامی حکومت نے اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کو علیحدہ علیحدہ خطوط لکھ کر دہشت گردوں کے اس حملے کی اطلاع دی ہے۔
خطوط میں ذکر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد کچھ ممالک کی حمایت سے جو جرائم ارتکاب کر رہے ہیں، ان کی معلومات عالمی برادری تک پہنچانا شامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت اپنا فریضہ سمجھتی ہے کہ بعض ملکوں کی حمایت اور ترغیب نیز بعض ملکوں کی خاموشی کے سائے میں، شام میں دہشت گردوں کی وحشیانہ کاروائیاں جو مسلسل جاری ہیں، اس سے عالمی برادری کو آگاہ کرے-
شام نے ان تمام فریقوں سے جو شام اور عراق میں زہریلی مواد کے استعمال سے متعلق تحقیقات انجام دے رہے ہیں یہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تحقیقات امریکہ، فرانس اور برطانیہ کے دباؤ میں آئے بغیر انجام دیں-
شام کی حکومت نے بھی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق اس کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لئے ایک گروپ تشکیل دیا ہے جو اپنی تحقیقات کے نتائج سے بین الاقوامی اداروں کو آگاہ کرے گا