الوقت - بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کی سرکوبی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اور شیعہ عالم دین کو گرفتار کر لیا ہے۔
لبنان کی خبر رساں ایجنسی العہد کی رپورٹ کے مطابق، آل خلیفہ حکومت نے اس بار ممتاز شیعہ عالم دین ہانی البنا کو گرفتار کر لیا ہے۔ آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے شیخ ہانی البنا کو صرف اس لئے گرفتار کرلیا کہ کیونکہ انہوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی تھی۔
موصولہ خبروں کے مطابق بحرین کے ممتاز شیعہ عالم دین ہانی البنا کو پیر کے روز آل خلیفہ کی نمائشی عدالت میں پیش ہونے کے لئے مجبور کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت نے اس ملک میں پرامن احتجاجی مظاہروں کو روکنے اور بحرین کے شیعہ مسلمانوں کی سرکوبی کے لئے ان کی شہریت منسوخ کرنے، ممتاز علماء کرام کی گرفتاری اور طویل مدت تک انہیں جیلوں میں قید رکھنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت نے گزشتہ دنوں بحرین کے ممتاز عالم دین آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی اور ساتھ ہی اس ظالمانہ فیصلے کی مخالفت کرنے والے مظاہرین اور علماء کرام کو بھی گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔