الوقت - شمالی عراق کے موصل شہر میں عراقی فوج کی پیشرفت جاری ہے جس کے دوران داعش کے دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، ہیومن رائٹس واچ نے اعلان کیا ہے کہ موصل میں جھڑپوں کے دوران داعش کے کم سے کم 400 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عراقی فوج نے اسی طرح کارروائی کرتے ہوئے موصل کے مشرق اور شمال مشرقی دیہاتوں خزنہ، طوب زاوا، خورسآباد، باطنايا کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کر دیا ہے۔
ان علاقوں میں پيشمرگہ فورس کے جوان داعش کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں اور بموں کو ناکارہ بنانے میں مشغول ہیں۔
نینوا آپریشنل کمان کے ایک فوجی ذرائع نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی ٹیم نے موصل شہر کے قریب دو دیہاتوں خزنہ اور طوب زاوا کو آزاد کرا لیا ہے۔
اس فوجی مہم میں شامل رضا کار فورس کے ایک كمانڈر ابو علی البصری نے بھی موصل شہر میں رضاکار فوج کی سرگرم موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی آزادی کو ترجیح حاصل ہے اور ابھی فیصلہ کن اور حتمی جنگ شروع نہیں ہوئی ہے۔