الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت پسند رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کی حراست میں شدید طبیعت خراب ہونے کے بعد آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔
ایسوشیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق یاسین ملک کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ان کی طبیعت کچھ بہتر ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کے بائیں بازو نے کام کرنا بند کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کو سنیچر کے روز طبیعت کی خرابی کی وجہ سے سری نگر کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ منتقل کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک, یاسین ملک کی بیماری کی خبر سن کر بے ہوش ہوگئی تھیں۔
جے کے ایل ایف کے ترجمان نے بتایا کہ ’یاسین ملک کے کئی میڈیکل ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد معلوم ہوا کہ انہیں سنگین انفیکشن کا سامنا ہے جس کے لیے ڈاکٹرز نے سرجری کی تجویز دی۔
یاسین ملک کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یاسین ملک چلنے پھرنے اور ٹھیک طرح سے بیٹھنے سے بھی قاصر ہیں۔