الوقت - شمالی عراق کے شہر كركوک میں امریکی اتحاد کے فضائی حملے میں 20 خواتین اور بچے سمیت 65 افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
الميادين ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شمالی عراق کے تیل سے مالا مال صوبے كركوک کے داقوق شہر میں اس جگہ پر بمباری کی جہاں خواتین کی بڑی تعداد مجلس عزاء میں شامل تھی۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق جبکہ 45 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
امریکی اتحاد نے مجلس عزاء پر یہ بمباری ایسے وقت میں کی ہے جب جمعے کو داعش كے دہشت گردوں نے كركوک کی اہم سرکاری عمارتوں اور تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ جمعے کو شمالی كركوک میں ایک بجلی گھر پر داعش کے خود کش حملے میں 16 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے جن میں چار ایرانی ٹیکنیشین بھی شامل تھے۔
دوسری جانب ایران نے عراق کے صوبہ كركوک میں مجلس عزاء پر امریکی اتحاد کے فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس حملے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے اور اس کی ہدایت دینے والوں اور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بہرام قاسمی نے عراقی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ بے گناہ لوگوں پر حملہ کسی بھی صورت حال میں قابل قبول نہیں ہے اور عراق کے عوام کو ایک طرف داعش کے دہشت گردوں کے حملوں اور دوسری طرف دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے غیر ملکی حملوں کی قربانی چڑھنے نہیں دیا جائے گا۔