الوقت - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ ایران کو اپنے خلاف سعودی عرب اور صیہونی حکومت کی مشترکہ سازشوں کا پورا علم ہے۔
میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایک پروگرام میں کہا کہ غدار اور خائن آل سعود حکومت ان دنوں شیعہ علاقوں میں سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سمجھ رہے ہیں کہ وہ سیستان و بلوچستان جیسے ہمارے مشرقی صوبوں میں بدامنی پیدا کر دیں گے جبکہ ان صوبوں میں اتنے زیادہ سیکورٹی کے انتظام ہیں جتنے تہران میں ہیں ۔
انہوں نے آل سعود کے حالیہ اقدامات کے بارے میں کہا کہ سعودی عرب شیعہ اکثریتی ممالک میں اختلافات اور بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنی کوششوں میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔
آئی آر جی سی کے کمانڈر نے کہا کہ دشمن جانتے ہیں کہ ایران کی شرکت کے بغیر بحران شام حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پانچ برسوں سے جاری شام کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دے کر بڑی تعداد میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے لیکن آج وہ لوگ جانتے ہیں کہ شام کے بحران کے حل کے لئے ایران کا سہارا لینا پڑے گا کیونکہ یہ وہ حقیقت ہے جس کو خود امریکی مبصرین اور میڈیا نے کھل کر اعتراف کیا ہے۔
آئی آر جی سی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے کہا کہ امریکا جب عراق میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا تو اس نے شیعہ مخالف عناصر میں سے داعش جیسے دہشت گرد گروہ کو تشکیل دے کر بحران پیدا کیا لیکن اس کے باوجود وہ شیعہ علاقوں میں نہیں پہنچ سکا۔