الوقت - پاکستان نے کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں کی گرفتار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں علیحدگی پسند رہنماؤں کی گرفتاری، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ کشمیری علیحدگی پسند لیڈروں کی گرفتاریوں اور نظر بندی کی وجہ سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتاریوں کی وجہ سے علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی صحت مسلسل گر رہی ہے، قید کے دوران بدتر سلوک کی وجہ سے یاسین ملک کی صحت خراب ہوتی جا رہی ہے، یہ سب کو پتہ ہے کہ ان کو عارضہ قلب لاحق ہے جبکہ میر واعظ عمر فاروق کو ذہنی اذیتیں دیئے جانے پر پاکستان کو تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوجیوں نے گزشتہ دو ہفتے سے خواتین علیحدگی پسند رہنما عائشہ اندرابی کو گرفتار کر رکھا ہے لیکن ان کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں معلوم ہے کہ انہیں کہا قید کیا گیا ہے جو بہت ہی تشویش کا موضوع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کو جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیلیٹ گن کے استعمال سے ایک ہزار کشمیری بینائی سے محروم ہو گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔