الوقت - عراق کے موصل سٹی سے داعش کے دہشت گردوں کو محفوظ نکالنے کے لئے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ ہوا ہے-
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ موصل سٹی کی آزادی کے لئے شروع کئے جانے والے فوجی آپریشن سے پہلے داعش کے دہشت گردوں کو وہاں سے محفوظ نکال لیا جائے-
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق روس کے ایک دفاعی ذریعے نے بتایا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان یہ معاہدہ ہوا ہے کہ عراقی فوج کی جانب سے موصل کو آزاد کرانے کے لئے چلائی جانے والی مہم سے پہلے داعش کے دہشت گردوں کو وہاں سے محفوظ نکال کر شام پہنچا دیا جائے-
دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق موصل میں سرگرم داعش کے تقریبا چھ ہزار دہشت گردوں کو محفوظ راستے کی آڑ میں مشرقی شام منتقل کر دیا جائے گا-
اس ذریعے نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں کو عراق کے موصل سے محفوظ نکال کر شام کے دو شہروں دیر الزور اور تدمر پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا-
روس کے اس فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی قسم کی کارروائی، جون کے مہینے میں عراق کے شہر فلوجہ میں کی جا چکی ہے جس میں فلوجہ میں سرگرم داعش کے بہت سے دہشت گردوں کو محفوظ نکالا گیا تھا-