الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نویں محرم کی عزاداری اور مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا اور پوری رات مجالس اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری رہا جو اب بھی جاری ہے۔
11 اكتوبر کو نویں محرم کے جلوس پورے ایران میں نکالے گئے اور پھر پوری رات عزاداروں نے سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب با وفا کی قربانيوں اور ان پر کئے گئے مظالم کو یاد کیا اور آنسووں کا نذرانہ پیش کیا۔
تہران میں 11 اور 12 اكتوبر کی درمیانی رات کو شب عاشورا کی مجالس منعقد ہوئیں اور حسینہ امام خمینی میں مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور دیگر اعلی حکام اور ہزاروں کی تعداد میں عزادروں نے شرکت کی ۔
مشہد مقدس میں غریب طوس اور نواسہ رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں پوری رات مجالس اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری رہا۔ قم میں حضرت معصومہ کے روضہ مبارک میں بھی پوری رات عزاداروں نے سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ کی قربانی کو یاد کیا اور ذاکرین اہل بیت نے امام حسین کی تحریک کے مختلف پہلوؤں اور ان سے ملنے سبق پر روشنی ڈالی۔
عراق میں تاسوعا اور عاشورا کی مناسبت پر دسیوں لاکھ کی تعداد میں عزادار دنیا بھر سے کربلاء المعلی اور نجف اشرف پہنچے ہیں۔ غیر ملکی عزادروں میں ایران، پاکستان اور ہندوستان سے عراق پہنچنے والے زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔