الوقت - کربلا کے سب سے چھوٹے شہید اور شیرخوار کربلا کی یاد میں عالمی یوم علی اصغر جمعہ کو دنیا کے 41 ممالک میں ایک ساتھ منایا گیا۔
عالم یوم علی اصغر کونسل کے سکریٹری داؤد منافي پور نے بتایا کہ اس سال دنیا کے جن 41 ممالک میں عالمی یوم علی اصغر منایا گیا ان میں برطانیہ، جرمنی اور سویڈن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، سعودی عرب، یمن، عراق، ترکی، ہندوستان، پاکستان، سنگاپور اور تھائی لینڈ سمیت دنیا کے 41 ممالک میں عالمی یوم علی اصغر کی مجالس کا انعقاد ہوا ۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت علی اصغر علیہ السلام کی شہادت، واقعہ کربلا کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس میں لوگوں کے دلوں میں انقلاب پیدا کرنے کی بے پناہ طاقت پائی جاتی ہے۔
داؤد منافي پور نے کہا کہ اس سال ایران میں 3 ہزار 500 مقامات پر عالمی علی اصغر کی مجالس منعقد ہوئیں جن میں ایک کروڑ خواتین نے اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ شرکت کی۔
واضح رہے کہ عالمی یوم علی اصغر ہر سال محرم کے پہلے جمعے کو پوری عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے اور دنیا کے کروڑوں مرد اور خواتین اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ اس پروگرام میں شرکت کرکے شیر خوار کربلا حضرت علی اصغر کو یاد کرتی ہیں۔