الوقت - شام کے صدر بشار اسد کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک، امریکا کی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہیں اور ٹھوس موقف اختیار کرنے اور آزاد فیصلہ کرنے کی جرآت نہیں رکھتے۔
شام کے صدر بشار اسد نے جمعرات کو ڈنمارک کے ایک ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ یورپی ممالک نے سیاست کے میدان میں کبھی بھی آزادانہ فیصلہ نہیں کیا ہے اور انہوں نے ہمیشہ آنکھیں بند کرکے امریکی حکومت کی پالیسیوں کی پیروی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی عوام، شام کی دشمن نہیں ہیں لیکن ان میں اور یورپی حکام کے درمیان بہت فرق ہے۔ بشار اسد نے کہا کہ کم از کم عراق پر حملے کے بعد سے یورپی ممالک کا سیاست کے میدان میں کوئی وجود ہی نہیں رہ گیا اور ان ممالک میں علیحدہ پالیسی اختیار کرنے کی جرات ہی نہیں رہ گئی ہے۔
انہوں نے حلب کے مشرقی علاقوں پر فوج کے حملوں پر مبنی کچھ میڈیا حلقوں کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت ہسپتالوں اور عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی کیونکہ یہ کام شام کی حکومت کے مفاد کے خلاف ہیں اور شام کی حکومت نے ہمیشہ اس ملک کے عوام کی حفاظت کی ہے۔
بشار اسد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اگر شام کی عوام اپنے صدر کے خلاف ہوتے تو ان کا اس عہدے پر باقی رہنا ناممکن ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شام کی حکومت کو اپنے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔