الوقت - پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بس پر دہشت گردانہ حملے میں 4 خواتین شہید اور ایک زخمی ہوگئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، بس پر حملہ کوئٹہ کے علاقے کیرانی روڈ پود کلی میں ہوا۔ بس شہر سے ہزارہ ٹاؤن جارہی تھی۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 2 موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے مقامی بس پر فائرنگ کردی جس سے 4 خواتین شہید ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والی خواتین کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔ کوئٹہ پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ جس بس کا حملہ ہوا وہ بس پبلک ٹرانسپورٹ کی تھی اور اس میں 8 خواتین سوار تھیں جن میں سے 5 کو نشانہ بنایا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بس میں تقریباْ 40 افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے شیعہ مسلمانوں پر تکفیری دہشت گرد مسلسل حملے کر رہے ہیں۔