الوقت - امریکا میں صدارتی انتخابات کے امیدواروں ہیلری کلنٹن اور ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان معیشت، سیاست اور سیکورٹی جیسے تین بنیادی مسائل پر پہلی براہ راست بحث ہوئی ہے۔
نیویارک کی ہافسٹرا یونیورسٹی میں ہونے والی اس بحث میں دونوں امیدواروں نے مذکورہ تینوں موضوعات کے بارے میں اپنے مواقف پیش کئے اور ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے۔ ریپبلکن امیدوار ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ہلیری کلنٹن کے پاس روزگار مہیا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نوکریاں امریکا سے باہر جا رہی ہیں۔ ٹرمپ نے توانائی کے شعبے میں بھی امریکی حکومت کی پالیسیوں کو ناکام اور بے روزگاری میں اضافے کا سبب قرار دیا اور کہا کہ اوباما انتظامیہ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن نے وعدہ کیا کہ وہ سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گی اور ایک کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کریں گی۔ انہوں نے ٹرمپ پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا اور ان سے اپنا انکم ٹیکس ریٹرن منظر عام پر لانے کو کہا جس پر ٹرمپ نے کہا کہ جب کلنٹن اپنے فون سے ڈیلیٹ کئے گئے 30 ہزار ای میل منظر عام پر لائیں گی تو وہ بھی اپنا ریٹرن دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ ہلیری کلنٹن نے تسلیم کیا کہ ان سے ای میل ڈیلیٹ ہونے کے معاملے میں غلطی ہوئی تھی اور وہ دوبارہ ایسا نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار میں اضافہ اور قومی سلامتی کی مضبوطی ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔