الوقت - پاکستان نے ایک بار پھر ہندوستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں اپنی فوج کی جانب سے کئے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
کیرالہ میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے جواب میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہندوستان ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد الزام لگا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج کشمیر میں نہتے اور بے گناہ شہریوں پر بے دریغ طاقت کا استعمال کر رہی ہے اور خواتین اور بچے بھی ان سے محفوظ نہیں ہیں۔ نفیس زکریا نے کہا کہ کشمیر میں 8 جولائی کو علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کے ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے کے بعد سے ہندوستانی فوج کے مظالم بڑھ گئے ہیں اور گزشتہ 75 دنوں کے دوران 100 سے زائد کشمیری مارے گئے اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ سیکڑوں لوگ بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا عالمی برادری نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا اور اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے علاوہ کئی ممالک نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔