الوقت - سعودی عرب کے ہاتھوں یمن کے نہتے اور بے گناہ عوام کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق سعودی عرب نے سنيچر کی رات صوبہ اب کے جبلہ شہر کے رہائشی علاقوں پر کئی میزائیل فائر کئے جس میں کئی افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس وحشیانہ حملے میں کم سے کم سات افراد فورا ہی دم توڑ گئے جبکہ دس افراد کو نازک حالت میں قریبی ہسپتال میں لے جایا گیا۔ زخمیوں کی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے اس حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح ہفتے کی صبح صوبہ اب کے مختلف علاقوں پر بھی شدید بمباری کی ہے جبکہ صوبہ مآرب کے صرواح شہر کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ہے۔
ادھر فوجی ذرائع کے مطابق، سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں تحریک انصار اللہ کے رضاکاروں خ اور فوج نے الجوف صوبے کے المتون علاقے میں سعودی فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جوابی کارروائی میں اس علاقے میں سعودی فوجیوں کو شدید نقصان پہنچا اور سعودی فوج پسپائی پر مجبور ہو گئے۔
دوسری طرف یمنی فوج اور رضاکار فورس نے صوبہ لحج میں واقع العند میں ایک فوجی ٹھکانے پر حملہ کرکے سعودی کمانڈر عبد السلام صبحی کو ہلاک کر دیا۔