الوقت - ہندوستان کی حکومت نے فرانس کے ساتھ 36 جنگی طیاروں کی خریداری کے سودے کو منظوری دے دی ہے جس پر 7.878 ارب یورو خرچ آئے گا۔ اس پر جمعے کو فرانس کے وزیر دفاع ژیا جین ييوس لی ڈريان کی موجودگی میں دستخط کئے جائیں گے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس جنگی طیاروں کی خریداری پر سابق حکومت کے دور کی قیمت کے مقابلے میں تقریبا 7 کروڑ پچاس لاکھ یورو بچائے جا سکیں گے جسے نریندر مودی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ اس میں 50 فیصد آف سیٹ کی بھی تجویز رکھی گئي ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ چھوٹی بڑی ہندوستانی کمپنیوں کے لئے کم سے کم تین ارب یورو کا کاروبار اور آفسیٹ کے ذریعے سیکڑوں روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں گے۔
رافیل جنگی طیاروں کی فراہمی 36 ماہ میں شروع ہو جائے گی اور یہ معاہدہ دستخط کی تاریخ سے 66 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ گزشتہ 20 برسوں میں یہ جنگی طیاروں کی خریداری کا پہلا سودا ہوگا۔ اس میں جدید میزائل نصب ہیں جس سے ہندوستانی فضائیہ کو مضبوطی فراہم ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے جمعرات کو باضابطہ طور پر معاہدے کو منظوری دے دی ہے جس پر جمعے کو فرانس کے وزیر دفاع کی موجودگی میں دستخط کئے جائیں گے۔ فرانس کے وزیر دفاع جمعہ کی شام ہندوستان کا دورہ کریں گے۔