الوقت - پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے پاک - ہندوستان تنازعہ کے حل میں امریکا سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات میں نواز شریف نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کا مسئلہ اٹھایا اور اڑی سیکٹر کے خود کش حملے میں پاکستان کو ملوث قرار دینے کی ہندوستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ اپنی اخلاقی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے کارروائی کی ہے اور میں نے علاقے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ہمیشہ پڑوسی ممالک سے مذاکرات کئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم کی رہائش سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ کشمیر میں جاری موجودہ کشیدگی کے نتیجے اب تک 107 سے زیادہ کشمیری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ وادی میں انسانی حقوق کی حالت بہت ہی دگرگوں ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ مجھے اب بھی یاد ہے کہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے باہمی تنازعات اور مسائل کو حل کرنے میں امریکا اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ امریکی انتظامیہ اور وزیر خارجہ جان کیری پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعات کے حل کے لئے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔
امریکا کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں ہوا ہے لیکن وزیر اعظم اسٹاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی سیکورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔