الوقت - امریکا نے کہا ہے کہ واشنگٹن، سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاکستان کی مدد بدستور جاری رکھے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بلوچستان کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے معاملے سے امریکا کا کوئي واسطہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت امریکا، پاکستان کے اتحاد اور سرحدوں کی سالمیت کا احترام کرتی ہے اور ہم بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کریں گے۔ ایک صحافی کے سوال کہ جواب میں کہ امریکا میں کئی شخصیات اور گروہ 'بلوچستان کی آزادی' کے لیے کام کررہے ہیں، کیا آپ ان کی حمایت کرتے ہیں اور کیا آپ انھیں امریکی سرزمیں پر برداشت کریں گے؟ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ ہم پاکستان کی سرحدوں کی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں اور بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتے ۔ صحافی نے دوبارہ پوچھا کہ 'کیا آپ ہندوستانی وزیراعظم کے اس خاص موضوع پر دیئے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کریں گے؟ جس پر انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنا ردعمل اسی وقت دے دیا تھا۔