الوقت - امریکا اور صیہونی حکومت کے درمیان تاریخ کے سب سے بڑے فوجی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔
یہ معاہدہ امریکی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے جس کے تحت امریکا دس سال کے دوران اسرائیل کو 38 ارب ڈالر کی فوجی امداد دے گا۔
ایسوشیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے اس معاہدے پر قومی سلامتی کے مشیر جیکب ناگل نے جابکہ امریکا کی طرف سے وزارت خارجہ کے سیاسی شعبے کے سربراہ تھامس شانون نے دستخط کیے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ معاہد امریکا کا کسی بھی غیرملکی حکومت کے ساتھ اب تک کا سب سے بڑا فوجی معاہدہ ہے۔ گزشتہ معاہدہ 2018 میں ختم ہو رہا ہے جس کی رو سے امریکا ہر سال اسرائیل کو 3.1 ارب ڈالر کی فوجی امداد دے رہا ہے۔ نئے فوجی معاہدے کے تحت امریکا 2018 کے بعد ہر سال اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرے گا۔
اس سے پہلے بدھ کو امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ امریکا نے اسرائیل کی سیکورٹی کا وعدہ کر رکھا ہے اور اس میں کوئی رکاوٹ واقع نہیں ہوگی۔ در ایں اثنا امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزین رائس نے کہا ہے معاہدے پر دستخط سے پتا چلتا ہے کہ امریکا، ہمیشہ سے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔